کرونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کو سب سے زیادہ خطرناک قرار دیا جارہا ہے اور اب حال ہی میں اس کے حوالے سے ایک اور تحقیق سامنے آگئی۔
حال ہی میں جنوبی کوریا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق کرونا وائرس کی زیادہ متعدی قسم ڈیلٹا سے متاثر ہونے والے افراد میں وائرل لوڈ اوریجنل وائرس کے مقابلے میں 300 گنا زیادہ ہوتا ہے۔
وائرل لوڈ کی بہت زیادہ مقدار سے وضاحت ہوتی ہے کہ کرونا کی یہ قسم اتنی زیادہ تیزی سے کیوں پھیلتی ہے اور ایک فرد آگے اسے متعدد افراد میں منتقل کرسکتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ وائرل لوڈ کی مقدار میں وقت کے ساتھ بتدریج کمی بھی آتی ہے، 4 دن میں یہ مقدار گھٹ کر 30 گنا کی حد تک پہنچتی ہے اور 9 دن میں 10 گنا کی حد تک۔
کوریا ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن ایجنسی (کے ڈی سی اے) کی تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ 10 دن کے بعد وائرل لوڈ کی مقدار کورونا کی دیگر اقسام کی سطح کے برابر پہنچ جاتی ہے۔
کورین وزارت صحت کے عہدیدار لی سانگ وون نے نیوز کانفرنس کے دوران تحقیق کے نتائج جاری کرتے ہوئے بتایا کہ زیادہ وائرل لوڈ کا مطلب یہ ہے کہ وائرس بہت آسانی سے ایک سے دوسرے فرد تک پھیلتا ہے، جس سے کیسز اور اسپتالوں میں مریضوں کے داخلے کی شرح بڑھتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ ڈیلٹا قسم 300 گنا زیادہ متعدی ہے، ہمارے خیال میں اس کا پھیلاؤ برطانیہ میں دریافت ہونے والی کرونا کی قسم ایلفا کے مقابلے میں 1.6 گنا جبکہ اوریجنل وائرس سے 2 گنا زیادہ ہے۔
کے ڈی سی اے کے مطابق کرونا کی قسم ڈیلٹا کے پھیلاؤ کو روکھنے کے لیے ضروری ہے کہ مشتبہ علامات پر لوگ فوری ٹیسٹ کروائیں اور دیگر افراد سے ملاقاتوں سے گریز کریں۔
اس تحقیق میں ڈیلٹا قسم سے متاثر 1848 افراد کے وائرل لوڈ کا موازنہ وائرس کی دیگر اقسام سے بیمار ہونے والے مریضوں کے وائرل لوڈ سے کیا گیا۔
The post ڈیلٹا ویرینٹ دیگر اقسام کے مقابلے میں 300 گنا زیادہ بیمار کرسکتا ہے appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3B7hPTR
No comments:
Post a Comment