بہڑ وال، پندھویں صدی کے آخر بسایا گیا تھا۔ تاریخ کے صفحات بتاتے ہیں کہ اسے آروڑا قوم کے بہڑ نامی ایک شخص نے آباد کیا تھا اور اسی لیے گاؤں کا نام بہڑ وال پڑا۔
پنجاب کے اس گاؤں کے ایک کنویں سے متعلق سکھوں کے پانچویں گرو کی ایک کرامت بہت مشہور ہے۔ یہ گرو ارجن سنگھ تھے۔
روایت کچھ اس طرح ہے کہ ایک مرتبہ سکھوں کے روحانی پیشوا اپنے ارادت مندوں کے ساتھ اس علاقے سے گزرے۔ بہڑ وال کے نزدیک پہنچ کر آرام کرنے کی غرض سے ان کا قافلہ اس گاؤں میں داخل ہوا، مگر یہاں کسی نے ان کی مہمان نوازی نہ کی۔ گرو جی نے سب کو ساتھ والے گاؤں چلنے کا حکم دیا۔ وہاں کے لوگوں نے ان کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور بہت خیال رکھا۔
تذکروں میں ہے کہ جس روز گرو جی اور ان کے ارادت مندوں کا یہ قافلہ بہڑ وال پہنچا تھا، وہاں کا چوہدری کسی کام سے گاؤں سے باہر گیا ہوا تھا۔ واپسی پر اس کا گزر اسی گاؤں سے ہونا تھا جہاں سکھ گرو اور ان کا قافلہ اب ٹھیرا ہوا تھا۔ چوہدری اس راستے سے گزرا تو کسی نے اسے گرو جی کے بارے میں بتایا۔ اس پر چوہدری کے دل میں گرو جی کو دیکھنے کی خواہش پیدا ہوئی۔ وہ گاؤں میں داخل ہوا اور گرو جی تک پہنچ گیا۔
روایات کے مطابق اس وقت گرو جی ایک چارپائی پر آرام کر رہے تھے اور ان کی آنکھیں بند تھیں۔ چوہدری سمجھا کہ گرو جی نیند میں ہیں۔ اس نے انھیں اپنے گاؤں لے جانے کا ارادہ کیا اور ان کی نیند خراب کرنے کے بجائے اپنے ساتھیوں کی مدد سے چارپائی اٹھائی اور گاؤں لے آیا۔ کہتے ہیں گرو جی اس کے اس عمل سے بہت خوش ہوئے اور اس موقع پر جب انھوں نے پینے کے لیے پانی طلب کیا تو معلوم ہوا کہ گاؤں سے فاصلے پر ایک ہی کنواں ہے اور اس کا پانی کھارا ہے۔
مشہور ہے کہ یہ جان کر گرو جی نے تھوڑا سا گڑ منگویا اور کنویں پر پہنچ کر اس میں ڈال دیا۔ اسی روز سے کنویں کا پانی میٹھا ہوگیا اور گاؤں والوں کو جیسے ایک نعمت میسر آگئی۔ یہ کنواں کھو بڈے والا کے نام سے مشہور ہے۔
The post گُڑ، پانی کا کنواں اور بہڑ وال کی کہانی appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/39yQyN9
No comments:
Post a Comment