اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کو اطمینان بخش جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ ترمیمی بل کو اسمبلی سے منظوری کے لیے پارلیمانی طریقہ کار کو اپنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی سے قانون کی منظوری کے لیے طریقہ کار کو اپنایا گیا ہے، طریقہ کار پر سیاسی جماعتوں کا اعتراض بھی دورکیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے ہمارا نظریہ بالکل مختلف ہے، تاہم کچھ معاملات ایسے ہیں جن پر اتفاق رائے ضروری ہوتی ہے، اہم قانون سازی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا گیا ہے، سال 2020 کی ابتدا اچھی ہوئی ہے، کل یہ بل سفارشات کے بعد اسمبلی میں آئے گا، امید ہے بل کل قومی اسمبلی سے منظور ہو جائے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ قومی اسمبلی میں آج تمام سیاسی جماعتوں نے متحد ہونے کا مظاہرہ کیا، مسلح افواج صرف پی ٹی آئی کا ادارہ نہیں بلکہ سب کا ہے، ان اداروں پر سیاست نہیں کر سکتے، نہ ہی برداشت کر سکتے ہیں۔
آرمی ایکٹ بل پارلیمانی طریقہ کار کے مطابق لایا جانا چاہیے: بلاول بھٹو
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ امید ہے قومی اسمبلی میں آیندہ الیکشن کمیشن کا معاملہ بھی آئے گا، چیف الیکشن کمشنر پر ان ناموں پر فیصلہ نہ ہو سکا تو نئے نام آ جائیں گے، تقرری پارلیمنٹ ہی کرے گی۔ مستقبل میں آگے بڑھنے کی لیے ضروری ہے احتساب کا عمل شفاف ہو، پیر سے احتساب کے عمل پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت شروع ہوگی۔
خیال رہے کہ بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی اجلاس سے قبل کہا تھا کہ آرمی ایکٹ بل کو پارلیمانی طریقہ کار کے مطابق لایا جانا چاہیے، ہم پھر سے وہی غلطیاں دہرا رہے ہیں جو نوٹیفکیشن کے وقت کی تھیں۔
The post فواد چوہدری نے بلاول بھٹو کو اطمینان بخش جواب دے دیا appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/2SNTOyg
No comments:
Post a Comment