کراچی : کراچی میں نئے سال کا پہلادن سرد ترین ثابت ہوا، سابیریا کی سرد ہواؤں نے شہریوں کی قلفی جمادی، سرد ہواؤں کا سلسلہ 2 روز تک جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں نئے سال کا پہلاروز سرد ترین رہا اور کم سے کم درجہ حرارت9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 17ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سائبرین ہواؤں سے کراچی کا موسم مزید سرد ہوگیا ہے، یکم جنوری سیزن کا سرد ترین دن ریکارڈ کیا گیا، شہر میں30 سے35کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار سےہوا چل رہی ہے اور نمی کا تناسب55 فیصد ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں 40 سے45 کلومیٹرفی گھنٹہ تک تیزہوا کے جھکڑ متوقع ہے ، تیز ہوا کے سبب سردی کی شدت زیادہ محسوس ہورہی ہے، سرد ہواؤں کا سلسلہ 2 روز تک جاری رہے گا اور درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ملک بھرمیں شدیدسردی کی لہر جاری ہے ، بالائی علاقوں میں زندگی منجمد ہوگئی اور پارہ منفی پچیس تک گرگیا جبکہ اسکردو میں درجہ حرارت منفی اکیس تک ریکارڈ کیا گیا جبکہ اسلام آباد میں پارہ نقطہ انجماد کوچھوگیا۔
کوئٹہ میں منفی 3 ،لاہوراور فیصل آباد میں دو ڈگری ہوگیا، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ میں شدید دھند سے قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر سفر انتہائی دشوار ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے شہروں لاہور، ملتان،رحیم یار خان اور بالائی سند ھ کے شہروں سکھر، گھوٹکی حیدر آباد جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض میدانی اضلاع میں رات اور صبح کےا وقات میں شدیددھند چھائے رہنے کی توقع ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
آج ملک کے شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختو نخوا کے پہاڑی علاقوں، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
The post کراچی میں نئے سال کا پہلا دن سرد ترین ثابت ہوا appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/2rOcO4C
No comments:
Post a Comment