واشگٹں : امریکا نے کرم میں مسافرگاڑیوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں امریکی مشن کے ترجمان جوناتھن لالی نے اپنے بیان میں کرم میں مسافر گاڑیوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی مکمل اور جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں ، امریکا حکومت پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
امریکی مشن نے پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہرشخص کو خطرے سے آزاد زندگی گزارنے کا حق ہے،شہریوں کوتحفظ فراہم کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس سے قبل امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے بھی کرم واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا پاکستان کا ایک ثابت قدم ساتھی رہے گا، مشکل وقت میں پاکستان اور خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔
یاد رہے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
ترجمان روسی سفارتخانے کا کہنا ہے شہری قافلوں پر مسلح افراد کے حملے کی خبر انتہائی افسوس کا باعث ہے۔ متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔
خیال رہے لوئر کرم میں پارا چنار جانیوالی مسافر گاڑیوں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی تھی، فائرنگ سے چھے خواتین سمیت45 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، گاڑیوں کاایک قافلہ پشاور سےکرم اوردوسراکرم سے پشاور جارہاتھا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Q7zGxUF
No comments:
Post a Comment