اسلام آباد : آرمی ایکٹ میں ترمیم کے لئے قانون سازی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کامیاب ہوگئے اور فیصلہ کیا گیا کہ آرمی ایکٹ ترمیمی بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر پرویز خٹک کی زیرصدارت پارلیمانی کمیٹی برائےامورقانون سازی کااجلاس ہوا ، اجلاس میں اسدقیصر،شبلی فراز،اعظم سواتی ، ایازصادق، خواجہ آصف،مرتضیٰ جاویدعباسی،نویدقمر، شیری رحمان،راجہ پرویزاشرف شریک ہوئے۔
اجلاس میں آرمی ایکٹ بل کے معاملے پرحکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کامیاب ہوگئے اور فیصلہ کیا گیا آرمی ایکٹ ترمیمی بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیاجائے گا اور بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوائے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی رولزکے مطابق بل کی حمایت کا عندیہ دے چکی ہے جبکہ ن لیگ کی جانب سے مسودے کی غیر مشروط حمایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں : مسلم لیگ(ن) کا آرمی ایکٹ میں ترمیم کی حمایت کا فیصلہ
گذشتہ روز حکومت نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کےلئے آرمی ایکٹ کی ترمیم کو اتفاق رائے سے پارلیمان سے منظور کرنے کےلئے مسلم لیگ (ن) اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے رابطہ کا فیصلہ کیا تھا۔
اس سلسلے میں وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں سینیٹ کے قائد ایوان شبلی فراز اور وزیر مملکت پارلیمانی امور اعظم سواتی پر مشتمل وفد نے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق وزیر دفاع خواجہ آصف، سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور رانا تنویر نے حکومتی وفد سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے پرویز خٹک نے بتایا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی رابطے جاری ہیں ، امید ظاہر کی کہ مشاورت کا عمل مکمل کر کے جمعہ تک یہ معاملہ پارلیمان میں پیش کردیا جائے گا۔
دوسری جانب رہنما مسلم لیگ (ن) مشاہد اللہ خان نے بتایا کہ پارٹی نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی مکمل حمایت کردی ہے، آرمی چیف کے عہدے کو متنازع نہیں بنانا چاہتے، اس لیے پارٹی آرمی ایکٹ میں ترمیم کی غیر مشروط حمایت کرے گی۔
یاد رہے کہ یکم جنوری کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ ترمیم کی منظوری دی گئی تھی، ترمیمی مسودے میں آرمی چیف کی مدت ملازمت اور توسیع کا طریقہ کار بھی وضع کیا گیا۔
اس سے قبل سپریم کورٹ نے مختصر فیصلے میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع کرتے ہوئے حکومت کا نوٹیفکیشن مشروط طور پر منظور کر لیا تھا اور کہا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
The post آرمی ایکٹ بل کا معاملہ ، حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کامیاب appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/2SN5wsQ
No comments:
Post a Comment