آج ایشیا سے تعلق رکھنے والے مہنگے ترین اداکار جیکی چین کی65 ویں سالگرہ ہے، وہ ہانگ کانگ کی فلم انڈسٹری سے لے کر ہالی وڈ تک بے پناہ شہرت کے حامل اداکار اور گلوکار ہیں۔
جیکی چین 7 اپریل 1954ء کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے تھے اور ان کا اصل نام چین کانگ سینگ ہانگ کانگ ہے ، وہ ہالی ووڈ کے ایکشن اور کامیڈی اداکار، کوریوگرافر، پروڈیوسر، ہدایت کار، اسکرپٹ رائٹر، موسیقار اور مارشل آرٹ اسٹنٹ آرٹسٹ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
اپنی فلموں میں، وہ اپنی مزاحیہ اداکاری، قلابازیوں، لڑنے کے انداز، مارشل آرٹس کے استعمال اور نئے نئے کرتب کے لیے مشہور ہیں۔ جیکی چین سن 1970ء کی دہائی سے اداکاری کر رہے ہیں۔ اور 100 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں۔ ہانگ کانگ ایونیو آف اسٹار اور ہالی وڈ واک آف فیم پر جیکی چین کو اسٹار ملے ہیں۔ ایک ثقافتی علامت کے طور پر جیکی چین پرمختلف پوپ گیتوں، کارٹون اور ویڈیو گیم بھی بنائے جاچکے ہیں۔ جیکی چین نے ان گنت البموں کو ریلیز کیا ہے اور آپ نے بہت سی فلموں کے لیے موضوعاتی نغمے (تھیم سانگ) بھی گائے ہیں۔
جیکی چین نے ہانگ کانگ جزیرے کے ناہ ہُوا پرائمری اسکول میں داخلہ لیا جہاں وہ اپنے پہلے سال ہی فیل ہو گئے۔ جس کے بعد ان کے والدین نے انہیں اس اسکول سے نکال لیا۔ سن 1960ء میں، جیکی چین کے والد، امریکی سفارت خانے کے لیے شیف (باورچی )کے طور پر کام کرنے کے لیے آسٹریلیا کے دار الخلافہ کینبرا چلے گئے اور چین کو ماسٹریو جم یوئن کی طرف چائنا ڈراما اکیڈمی نامی ایک بیجنگ اوپیرا اسکول میں بھیج دیا گیا۔
اگلی دہائی تک جیکی چین کی خوب سخت تربیت ہوئی اور اس مارشل آرٹس اور قلابازیوں میں مہارت حاصل کی۔ اورآخرکار وہ ‘‘سیون لٹل فارچیون ’’(سات چھوٹے خوش قسمت )کا حصہ بن گئے، جو اسکول کے بہترین کارکردگی والے طالب علموں کا ایک گروپ تھا اور جیکی چین کو اپنے ماسٹر کی طرف سے یوئن لو کا لقب ملا۔ جیکی چین اور اس کے گروپ کے ساتھی ارکان سامو ہنگ اور یوئن بیاو کے ساتھ گہری دوستی ہو گئی اور یہی تینوں بعد میں تین بھائی یا تین ڈریگن کے طور پر مشہور ہوئے۔
17 سال کی عمر میں، اس نے ‘‘چین یوئن لانگ ’’کے نام سے فسٹ آف فیوری اور اینٹر دی ڈریگن نامی بروس لی کی فلموں میں بطور اسٹنٹ مین کام کیا۔ اس کے بعد لٹل ٹائیگر آف کینٹن میں جیکی چین نے پہلی بار بطور اداکار کے کام کیا یہ فلم 1973ء میں ہانگ کانگ میں محدود پیمانے پر ریلیز ہوئی تھی۔
فلموں میں اپنے کیرئیر کے ابتدائی کرداروں میں ناکامی اور اسٹنٹ کے کام کی تلاش میں مشکلات ہونے کی وجہ سے، سن 1975ء میں جیکی چین نے آل ان دی فیملی نامی ایک ایسی مزاحیہ فلم میں اداکاری کی جو شاید جیکی چین کی اب تک کی واحد فلم تھی جس میں ایک بھی لڑائی کا منظر یا کرتب کا سلسلہ شامل نہیں تھا۔
جیکی چین 1976ء میں کینبرا میں اپنے ماں باپ کے پاس چلے گئے ، جہاں انہوں نے ڈکسن کالج میں داخلہ لیا اور ایک تعمیراتی مزدور کے طور پر کام کرنے لگے ۔ وہاں جیک نامی ایک ساتھی بلڈر نے چین کو اپنی گروپ میں لے لیا اور چین کو ‘‘ لٹل جیک’’ کی عرفیت دی جو بعد میں ’جیکی‘ کے طور پر تبدیل ہو گیا اور اس طرح یہ جیکی چین نام اس کے ساتھ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے جڑ گیا۔ اس کے علاوہ، 90 کی دہائی کے آخری دور میں، جیکی چین نے اپنا چینی نام بدل کر فونگ سی لنگ کر لیا کیونکہ اس کے والد کا بھی اصلی لقب فونگ تھا۔
سن 80 سے 90 کی دہائی کے آخری برسوں تک جیکی چن ہولی وڈ میں اپنی مقبولیت کی بلندی کو چُھو چکے تھے، لیکن نئی صدی کے بعد ان کی شہرت کو جو رفتار ملی، وہ برق رفتاری آج تک جاری ہے۔ 2011ء میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’1911‘ ان کے کیرئیر کی 100ویں فلم تھی۔ اس عرصے میں وہ صرف بطور اداکار متحرک نہیں رہے، بلکہ فلم ساز، ہدایت کار، گلوکار، لکھاری اور دیگر مختلف جہتوں سے عالمی سنیما کے پردے پر متحرک رہے۔ انہوں نے اپنی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے بھی فلمیں بنائیں۔
عالمگیر شہرت رکھنے والے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔ ہالی وڈ میں ان کے بہترین دوستوں میں سلویسٹر اسٹالون اور جیمز کیمرون سمیت دیگر شخصیات شامل ہیں۔ ان کی حالیہ کچھ برسوں میں ریلیز ہونے والی فلموں The Foreigner اور Bleeding Steel کو دیکھا جائے تو اب جیکی چن نہ صرف ایکشن بلکہ تاثراتی اداکاری کے حوالے سے بھی اپنے فن کی بلندیوں پر فائز ہیں۔
جیکی چن نے موسیقی کی دنیا میں بھی نام کمایا۔ وہ اب تک 20 میوزک البم ریلیز کرچکے ہیں۔ 80 کی دہائی میں موسیقی کے کیرئیر کی ابتدا کی، جو تاحال جاری ہے۔ ان کی بہت ساری فلموں کے تھیم سونگز بھی اپنی آواز میں ہوتے ہیں۔ بات صرف فلموں تک ہی محدود نہیں بلکہ 2008ء میں بیجنگ اولمپکس گیمز کے لیے بھی موسیقی ترتیب دی، گانے بنائے، آفیشل البم ریکارڈ کیا۔ ان کے اپنے نام سے ایک فلم اور ٹیلی وژن اکیڈمی بھی ہے، جس میں نئی نسل ان سے فلم سازی کا ہنر سیکھ رہی ہے۔
ہالی وڈ واک آف فیم اور ہانگ کانگ فلمی صنعت کے معروف اعزاز، ہانگ کانگ فیم سمیت برطانوی، امریکی اور چینی بڑے اعزازات سے انہیں نوازا جاچکا ہے۔ آسکر ایوارڈ رہ گیا تھا، تو وہ بھی انہیں اعزازی طور پر دے دیا گیا۔ ایکشن فلموں میں سب سے زیادہ اپنے اسٹنٹ خود کرنے والے اداکار کے طور پر ان کے پاس گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز بھی ہے۔ دنیا کے بڑے اعزازات کے لیے جیکی چن 82 مرتبہ نامزد ہوئے اور ان میں سے 41 بار وہ یہ اعزازات اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
The post جوان نظر آنے والے جیکی چین کتنے سال کے ہیں appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar http://bit.ly/2D1bsFP
No comments:
Post a Comment