قاہرہ (25 جولائی 2026): سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک بہادر مصری ڈرائیور نے مصروف سڑک پر ٹائر پھٹنے کی وجہ سے الٹنے کے قریب ایک ٹرک کو بروقت اپنے ٹرالر کی مدد سے بچا لیا۔
مصر میں طنطا ہائی وے پر ایک دل دہلا دینے والا منظر دیکھا گیا، ایک تیز رفتار ٹرک کا ٹائر اچانک پھٹا، اور چند لمحے ڈگمگا کر وہ الٹنے لگا، چند لمحوں میں ایک بڑا ٹریفک حادثہ رونما ہونے کو تھا، کہ اچانک سائیڈ سے ایک ٹرالر نے آ کر اسے سہارا دے دیا اور وہ الٹنے سے بال بال بچ گیا۔
یہ اتنا انوکھا اور حیرت انگیز منظر تھا کہ اسے دیکھنے والے حیران رہ گئے اور وہ ٹرالر ڈرائیور کی بہادری اور ذہانت کو سراہنے لگے، اس واقعے کی ویڈیو بھی دیکھتے دیکھتے وائرل ہو گئی۔
ڈرائیور کی حاضر دماغی نے چند سیکنڈ میں ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچایا، اس نے اپنا ٹرالر اس انداز میں ٹرک کے ساتھ کھڑا کیا تھا کہ اس کو سہارا مل گیا، اور وہ الٹنے سے بچ گیا۔
چند لمحوں میں کیے گئے فیصلے سے لاکھوں لوگوں کے دل جیتنے والے اس ٹرالر ڈرائیور کا نام عماد جلال حسین ہے، جنھیں اب مصر کی جنرل یونین آف لینڈ ٹرانسپورٹ ورکرز کی جانب سے باقاعدہ اعزاز سے نوازا جائے گا۔
جب یہ ویڈیو تیزی سے پھیلنے لگی تو کچھ سوشل میڈیا صارفین نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ ویڈیو اے آئی سے تیار کی گئی ہے، تاہم ٹرانسپورٹ ورکرز یونین کے عماد جلال حسین کو اعزاز دینے کے فیصلے اور واقعے سے متعلق اس کے سرکاری بیان نے ان شکوک کو ختم کر دیا، اور تصدیق کی کہ یہ بہادرانہ بچاؤ کی کارروائی حقیقی تھی۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/w6KbMBI
No comments:
Post a Comment