کراچی: محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کے زیر اہتمام سندھ پبلک سروس کمیشن پاس کرنے والے 833 لیکچرارز میں آفر لیٹرز تقسیم کر دیے گئے۔
صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے کچھ سرکاری کالجز میں اے لیول کلاسز کا آغاز کرنے جا رہے ہیں تاکہ سرکاری کالجز کے طلبہ بھی مزید آگے بڑھ سکیں اور مقابلے کے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔
صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں اساتذہ سے کہا کہ امید ہے آپ اس معتبر پیشے میں ایمان داری سے خدمات سرانجام دیں گے، استاد ہونا خود ایک بڑی ذمہ داری ہے، اساتذہ ہمارے مستقبل کی روشن راہوں کے ضامن ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سندھ کے تمام 374 کالجز ہمارے لیے اہم ہیں، ہر کالج میں تدریسی عمل کو فعال رکھنا بے حد ضروری ہے، ہمیں پس ماندہ علاقوں کے طلبہ و طالبات کو بھی اپنے بچوں کی طرح اہمیت دے کر پڑھانا ہے، ہم تمام اساتذہ کو شہروں میں تعینات نہیں کر سکتے۔
سیکریٹری کالج ایجوکیشن سندھ آصف اکرام نے کہا کہ محکمے کی طرف سے 1659 خالی آسامیوں کو سندھ پبلک سروس کمیشن میں بھیجا گیا تھا، جس کے بعد 1357 اہل امیدواروں کی ایس پی ایس سی نے سفارش کی، جس کے نتیجے میں 833 امیدواروں کو ویریفکیشن مرحلے کے بعد اب آفر لیٹرز تقسیم کیے گئے۔
انھوں نے کہا وزیر تعلیم کی ہدایت پر میرپورخاص ریجن میں لیکچرارز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے، کمپیوٹر سائنس کے لیکچرارز میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ تقریب میں کمپیوٹر سائنس کے 282، سندھی 219، باٹنی 119، میتھمیٹکس 106، اسٹیٹسٹکس 80، کیمسٹری 14 اور سائیکو لوجی کے 13 لیکچرارز میں آفر لیٹرز تقسیم کیےگئے۔
وزیر صحت سندھ نے کہا رواں سال صوبے میں ’سائنس اِن سندھ‘ کے طور پر منایا جا رہا ہے، بچوں کی سائنس ایجوکیشن پر کام کرنا ضروری ہے کیوں کہ سائنس سوال کرنا اور دلیل دینا سکھاتی ہے، میڈیا ٹاک کے دوران ایک سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ ایجوکیشن کے انتظامی اسٹرکچر میں تبدیلی کرنے جا رہے ہیں جس کے تحت غیر ضروری عہدوں کو ختم کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا اسکول سے باہر بچوں کو ایکسلیریٹڈ پروگرام اور نان فارمل ایجوکیش کے تحت تعلیم مکمل کرنے میں مدد کر رہے ہیں، جب کہ اسکول اپگریڈیشن کی مدد سے ڈراپ آؤٹ ریشو کو کم کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/V1Lsnre
No comments:
Post a Comment