سکھر: سکھر بیراج سے نکلنے والے تمام کینال بند کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، کینال 6 جنوری سے 20 جنوری تک بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کنٹرول روم سکھر بیراج کا کہنا ہے کہ 6 جنوری سے 20 جنوری تک بیراج سے نکلنے والے تمام کینال بند رہیں گے، اور بیراج کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔
کنٹرول روم کے مطابق سالانہ صفائی اورمرمت کے سلسلے میں کینال بند اور بیراج کے دروازے کھولے جائیں گے، دریائے سندھ سے پانی کم ہونے سے سکھر میں پینے کے پانی کی قلت ہوگی، متعلقہ اداروں کو سالانہ پانی بندش کی اطلاع کر دی گئی ہے، انچارج کنٹرول روم کا کہنا تھا کہ پینے کے پانی کے متبادل کا انتظام کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سکھر میں غلاظت ملے پانی کی فراہمی، شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا
خیال رہے کہ سکھر بیراج 66 دروازوں پر مشتمل ہے، اس کی تعمیر کو 87 برس مکمل ہو چکے ہیں، پاکستان میں نہری پانی کا سب سے بڑا آب پاشی نظام اسی سے منسلک ہے۔ بمبئی کے گورنر جارج لائیڈ نے 24 اکتوبر 1923 کو اس بیراج کا سنگِ بنیاد رکھا تھا جب کہ 9 برس بعد 13 جنوری 1932 کو اس وقت کے وائسرائے اور گورنر جنرل لارڈ ولنگڈن نے اس زرعی انقلابی منصوبے کا افتتاح کیا۔
یاد رہے کہ ستمبر میں اے آر وائی نیوز نے رپورٹ دی تھی کہ دس لاکھ سے زائد انسانی آبادی والے شہر سکھر میں غلاظت ملا اور زہریلا پانی فراہم کیا جا رہا ہے، بتایا گیا کہ سیوریج کا گندا پانی دریائے سندھ میں چھوڑنے کے بعد وہیں سے یہ پانی سکھر کے شہریوں کو پینے کے لیے فراہم کیا جا رہا ہے جس سے آبی حیات کے ساتھ ساتھ شہریوں کی صحت اور جانوں کا بھی خطرہ لاحق ہے۔
The post سکھر بیراج سے نکلنے والے تمام کینال بند کرنے کا اعلان appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/2PP9gH1
No comments:
Post a Comment