پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں - Pakistan Best Urdu News Blog

Breaking

BANNER 728X90

Tuesday, 27 October 2026

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں

اسلام آباد(27 اکتوبر 2026): کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یومِ سیاہ منا رہے ہیں۔

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یومِ سیاہ منا رہے ہیں۔ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج نے جموں و کشمیر میں داخل ہو کر غیر قانونی قبضہ کیا تھا، اور اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا ہے۔

اس موقع پر کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف جلسوں، احتجاجی ریلیوں اور مختلف تقاریب کا انعقاد کر رہے ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا پیغام

یومِ سیاہ جموں و کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کشمیری عوام کی بے شمار قربانیوں کو زبردست سلام پیش کیا ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آج کے دن ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان انصاف، امن، وقار اور ان کے جائز حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر کے عوام اپنی امنگوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ سکیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ، پرامن اور پائیدار حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں اور خطے میں انسانی حقوق کی دگرگوں صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔

صدر زرداری نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 ہمیں اس المناک دن کی یاد دلاتا ہے جب بھارتی افواج سری نگر میں اتریں، جس سے جموں و کشمیر کی تاریخ میں ایک طویل اور دردناک باب کا آغاز ہوا۔ گزشتہ آٹھ دہائیوں سے کشمیریوں نے شدید مصائب برداشت کیے ہیں، لیکن نامساعد حالات کے باوجود ان کا حوصلہ اور عزم اپنے نصب العین سے پختہ وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے یکطرفہ طور پر جموں و کشمیر کی آئینی اور قانونی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ صدرِ مملکت نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا اور ہر مناسب بین الاقوامی فورم پر ان کی آواز بلند کرتا رہے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں حکومت اور عوام کی جانب سے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا اور ہر قومی و بین الاقوامی فورم پر ان کے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن ہمیں جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک المناک باب کی شروعات کی یاد دلاتا ہے جب بھارتی افواج سری نگر میں داخل ہوئیں، اور اس روز سے اب تک کشمیری عوام کو ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت سے محروم رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے جائز سیاسی اظہار اور ان کی امنگوں کی ترجمان آوازوں کو خاموش کرانے کی مکروہ کوششیں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ کشمیری سیاسی رہنماؤں، کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کی بدستور طویل قید شدید تشویشناک ہے۔

وزیراعظم نے نشاندہی کی کہ 5 اگست 2019 سے بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات کا ایک ایسا سلسلہ اختیار کر رکھا ہے جس نے علاقے کی سیاسی، قانونی اور آبادیاتی حیثیت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کا قیام جموں و کشمیر کے تنازعے کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر ناممکن ہے، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہو۔

آخر میں وزیراعظم نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے عظیم قربانیاں دینے والے بے شمار کشمیری مرد و خواتین اور بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور دعا کی کہ کشمیری عوام کو پائیدار امن، وقار اور سلامتی پر مبنی مستقبل نصیب ہو۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Lp6cGzD

No comments:

Post a Comment