حیدرآباد(26 ستمبر 2026): گنجان آباد علاقے کھائی روڈ پر بجلی کے ٹرانسفارمر میں زور دار دھماکا ہوا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے گنجان آباد علاقے کھائی روڈ پر بجلی کے ٹرانسفارمر میں زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور اس کے شعلے دور دور تک دکھائی دیے۔
حادثے کے دوران آگ کی زد میں آ کر قریب ہی واقع ہوٹل پر بیٹھے پانچ افراد جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ٹرانسفارمر میں لگنے والی اس ہولناک آگ نے قریبی کھڑی پانچ گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جو جل کر مکمل طور پر خاکستر ہو گئیں۔ اس کے علاوہ، ایک قریبی چکن سینٹر میں موجود درجنوں مرغیاں اور دکان کا فرنیچر بھی جل کر تباہ ہو گیا۔
واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا اور انہوں نے غفلت برتنے پر حیسکو انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی اور احتجاج کیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر کافی دیر کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/eT2i7wl
No comments:
Post a Comment