کراچی: خصوصی یوم آزادی تھرڈیزرٹ ٹرین سفاری کراچی سے روانہ ہوگئی ، سیاحوں کو سندھ کے تاریخی و ثقافتی ورثوں سمیت پاکستان بارڈرکی سیرکرائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر خصوصی "تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
خصوصی آزادی ٹرین کی افتتاحی تقریب کراچی کے تاریخی کینٹ اسٹیشن پر منعقد ہوئی، جہاں صوبائی وزیر برائے ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے ربن کاٹ کر سفاری ٹرین کو منزل کی جانب روانہ کیا۔
یہ خصوصی آزادی ٹرین کراچی سے اپنی سفر کا آغاز کرتے ہوئے حیدرآباد، میرپورخاص اور عمرکوٹ سے گزرتی ہوئی پاک بھارت سرحد کے قریب واقع کھوکھرا پار کے مقام پر اختتام پذیر ہوگی۔
سفر کے پہلے مرحلے میں 165 سے زائد سیاح سوار ہیں جنہیں سندھ کے تاریخی و ثقافتی ورثوں اور پاکستان بارڈر کی سیر کرائی جائے گی۔
سفر کے دوران مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر مقامی عوام کی جانب سے شرکا کا پرجوش استقبال کیا جائے گا، جہاں ٹرین کے مسافر عوام میں قومی پرچم بھی تقسیم کریں گے۔
سفر کے دوران پرچی جی ویری کے مقام پر جشنِ آزادی کی ایک پروقار اور خصوصاً تیار کی گئی تقریب کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں داخلی سیاحت کو فروغ دینا اور عوام کو سندھ کی رچ ثقافت اور صحرائے تھر کی خوبصورتی سے روشناس کرانا ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/aPdDsI5
No comments:
Post a Comment