چشتیاں(یکم جولائی 2026): بہاول نگر کے علاقے چشتیاں کے تھانہ صدر کی حدود میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں کنویں میں گرنے والی بکری کو بچانے کی کوشش میں 3 نوجوان زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تینوں نوجوان بکری کو نکالنے کے لیے کنویں میں اترے تھے۔ کنویں کے اندر موجود زہریلی گیس کے باعث تینوں کا دم گھٹ گیا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت زین، علی رضا اور علی اکبر کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمریں 18 سے 24 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کنویں میں گرنے والے تینوں افراد کی لاشیں نکال کر آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/htL5p29
No comments:
Post a Comment