راولاکوٹ : کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں نے پاک آرمی کے ریٹائرڈ اہلکار کا بیٹا اغوا کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں عوامی حقوق کی آڑ میں سرگرم کالعدم ایکشن کمیٹی کا عوام کیخلاف مکروہ ایجنڈا بے نقاب ہوگیا ، شرپسندوں نے پاک آرمی کے ایک ریٹائرڈ اہلکار کے بیٹے کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اغوا کر لیا۔
ریٹائرڈ فوجی اہلکار نسیم کیانی نے میڈیا کو بتایا کہ راولاکوٹ میں شرپسند عناصر نے ان کے بیٹے دلاور پر شدید تشدد کیا اور اسے اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
نسیم کیانی نے الزام عائد کیا کہ یہ شرپسند گروپ نما کمیٹی اب زبردستی بچوں اور خواتین کو اٹھا کر اپنے ساتھ شامل کر رہی ہے۔
انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ ان کے بیٹے کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے اور اغوا کاروں کے خلاف سخت ترین مقدمات درج کیے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان کے اہلخانہ کو کوئی بھی نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری اس کالعدم فتنہ کمیٹی پر ہوگی۔
مغوی کے بھائی نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلاور کیانی کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے، صرف محب وطن پاکستانی ہونے کی وجہ سے ان کے پورے خاندان کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
اہلخانہ نے مزید کہا کہ انتشاری عناصر نے حد پار کرتے ہوئے بھائی کے موبائل فون سے گھر کی نجی تصاویر نکال کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی ہیں، جو کہ سراسر درندگی اور اخلاقی پستی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عوامی حقوق کا نام لے کر آزاد کشمیر میں شرپسندی اور انتشار پھیلانے والی اس کالعدم کمیٹی کے اصل عزائم اب عوام کے سامنے آ چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق جو کمیٹی آزاد کشمیر کے پرامن شہریوں کو ہی اغوا اور یرغمال بنانے پر اتر آئے، وہ کسی صورت عوام کی محافظ نہیں ہو سکتی۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/buFCh3B
No comments:
Post a Comment