راولپنڈی : پاکستان آرمی نے برطانیہ میں بین الاقوامی پیس اسٹکنگ مقابلہ 2026 جیت لیا اور بڑےاعزازات اپنے نام کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی ٹیم نے برطانیہ میں ہونے والے انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ مقابلے 2026 میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے میدان مار لیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ، برطانیہ میں منعقدہ اس سخت مقابلے میں پاکستانی دستے نے تاریخی کارکردگی دکھاتے ہوئے کلین سوئپ کیا اور تمام بڑے اعزازات اپنے نام کیے۔
ترجمان نے بتایا کہ میجر حیدر گلزار کی قیادت میں 9 رکنی پاکستانی دستہ 5 جون کو برطانیہ پہنچا تھا، مقابلے کے دوران پی ایم اے کی نمائندہ ٹیم نے دنیا بھر سے آئی ہوئی 16 بین الاقوامی فوجی ٹیموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔
سینڈہرسٹ کے میدان میں پاکستان کا پرچم سربلند کرتے ہوئے آرمی ٹیم نے اوور آل ٹیم ٹرافی ، بیسٹ پیس اسٹکر ایوارڈ اور بیسٹ ڈرائیور ایوارڈ جیتے
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان آرمی کی یہ نمایاں کارکردگی اور شاندار فتح مسلح افواج کے اعلیٰ تربیتی معیار، غیر معمولی لگن اور بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کٹھن اور سخت ترین مقابلوں میں دنیا بھر کی فوجی ٹیموں کے درمیان پہلی پوزیشن حاصل کرنا پاک فوج کے لیے ایک اور بڑا اعزاز ہے جس نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/YozyqnJ
No comments:
Post a Comment