کراچی(22 مئی 2026): شہر قائد میں قربانی کا جانور خریدنے کے لیے جانے والا شہری لٹ گیا، مزاحمت کرنے ڈکیت نے تیز دھار آلے کے وار سے زخمی کردیا۔
کراچی میں عیدِ قربان کے قریب آتے ہی اسٹریٹ کرمنلز سرگرم ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز لانڈھی کے علاقے اسماعیل گوٹھ کے قریب قربانی کا جانور خریدنے کے لیے جانے والے ایک شہری سے لاکھوں روپے لوٹ لیے گئے اور مزاحمت کرنے پر ملزمان نے تیز دھار آلے کے وار کر کے شہری کو زخمی کر دیا۔
متاثرہ شہری کے مطابق وہ رقم لے کر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے اسے گھیر لیا اور اس سے 2 لاکھ 80 ہزار روپے کی نقدی چھین لی۔
شہری نے بتایا کہ جب اس نے مزاحمت کی تو ملزمان نے اس پر فائرنگ کرنے کی کوشش کی لیکن خوش قسمتی سے گولی نہیں چلی۔ اس کے بعد ملزمان نے اپنے پاس موجود تیز دھار آلے سے اس پر وار کر دیا، جس سے وہ زخمی ہو گیا۔
شہری نے پولیس کے رویے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے واقعے کے فوری بعد پولیس ہیلپ لائن پر کال کی، جس پر لانڈھی تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی۔
تاہم پولیس اہلکاروں نے یہ کہہ کر کوئی بھی قانونی کارروائی کرنے سے انکار کر دیا کہ یہ علاقہ ان کی حدود میں نہیں آتا، حالانکہ واردات کی جگہ پر خود لانڈھی تھانے کی حدود کا بورڈ آویزاں تھا۔
متاثرہ شہری کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے حدود کے اسی تنازع کی وجہ سے شرافی گوٹھ تھانے سے رابطہ نہیں کیا، کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ وہ بھی یہی کہہ کر ٹال دیں گے کہ یہ حدود ان کی نہیں بلکہ لانڈھی تھانے کی ہے۔ پولیس کی اس بے حسی کی وجہ سے زخمی شہری انصاف کے لیے دربدر ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/SkOnQNb
No comments:
Post a Comment