واشنگٹن (12 مئی 2026): ڈونلڈ ٹرمپ نے 2028 کے صدارتی انتخاب کے لیے نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کو ایک ’’خوابوں کی ٹیم‘‘ قرار دے دیا ہے۔
پیر کے روز صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کی ایک تقریب کے شرکا سے پوچھا کہ وہ دونوں میں سے کس کو زیادہ پسند کرتے ہیں، انھوں نے پوچھا ’’جے ڈی وینس کو کون پسند کرتا ہے؟ مارکو روبیو کو کون پسند کرتا ہے؟‘‘
ٹرمپ نے نیشنل پولیس ویک کے اعزاز میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ساتھ روز گارڈن میں عشائیے کے دوران کہا ’’جے ڈی ایک مکمل ٹکٹ ہے۔‘‘
انھوں نے کہا ’’ویسے، میں واقعی سمجھتا ہوں کہ یہ ایک خوابوں کی ٹیم ہے۔ لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ میں اس کے لیے آپ میں سے کسی کی حمایت کر رہا ہوں، لیکن مجھے لگتا ہے یہ دونوں صدارتی امیدوار اور نائب صدارتی امیدوار جیسے لگتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ سیاسی حکمتِ عملی بنانے والوں اور مبصرین نے بارہا یہ سوال اٹھایا ہے کہ آیا ٹرمپ، روبیو کے مقابلے میں جے ڈی وینس کی حمایت کریں گے یا دونوں کو ایک ہی انتخابی ٹکٹ پر اکٹھا الیکشن لڑنے کا مشورہ دیں گے۔
نائب وزیر اعظم ڈیوڈ لیمی کا بھی استعفے کا مطالبہ، کیئر اسٹارمر کی قسمت کا فیصلہ آج ہوگا
امریکی اخبار دی ہِل کے مطابق روبیو نے 2016 میں صدارتی انتخاب کی مہم شروع کی تھی، لیکن ٹرمپ کے ہاتھوں پرائمری ہارنے کے بعد اپنی مہم معطل کر دی تھی۔ بعد ازاں وہ دوبارہ سینیٹ میں واپس گئے، جہاں وہ دوسری ٹرمپ انتظامیہ میں شامل ہونے سے پہلے خدمات انجام دے چکے تھے۔
وینس ایوانِ بالا (سینیٹ) میں ابھی اپنی پہلی مدت کے درمیان تھے جب ٹرمپ نے انھیں اپنی صدارتی ٹکٹ میں شامل ہونے کے لیے منتخب کیا۔ دونوں سے 2028 کے حوالے سے ان کے ارادوں پر بہت سوالات کیے گئے ہیں، لیکن کسی نے بھی صدارتی مہم شروع کرنے کا ارادہ ظاہر نہیں کیا۔ اس کی بجائے انھوں نے کہا ہے کہ ان کی توجہ موجودہ انتظامیہ کے کام پر مرکوز ہے۔
تاہم دسمبر میں روبیو نے وینیٹی فیئر کو بتایا تھا کہ اگر نائب صدر مستقبل میں وائٹ ہاؤس کے لیے انتخاب لڑتے ہیں تو وہ وینس کی حمایت کرنے والے سب سے پہلے لوگوں میں سے ایک ہوں گے۔ دوسری جانب صدر مسلسل ان دونوں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے بارے میں عوامی ردِعمل جانچتے رہے ہیں۔
ٹرمپ، وینس اور روبیو دونوں کی تعریف کرتے رہے ہیں۔ روبیو کو انتظامیہ میں دیگر ذمہ داریوں کے ساتھ قائم مقام قومی سلامتی کے مشیر کے طور پر بھی کام سونپا گیا ہے۔ مارچ میں صدر نے صحافیوں سے کہا تھا ’’مارکو روبیو بہت شان دار کام کر رہے ہیں۔ میرے خیال میں وہ تاریخ کے عظیم ترین وزیرِ خارجہ کے طور پر یاد کیے جائیں گے۔ وہ جہاں بھی رہے ہیں، کامیاب رہے۔‘‘
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/RT8Je4w
No comments:
Post a Comment