تہران (10 مئی 2026): ایران نے اگلے ماہ امریکا سمیت تین ممالک کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے 10 شرائط رکھ دی ہیں۔
دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کے عالمی کپ کا آغاز اگلے ماہ 11 جون سے ہو رہا ہے، جو 19 جولائی تک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں ہو رہا ہے۔تاہم ایران جنگ کے تناظر میں ایرانی ٹیم کی میگا ایونٹ میں شرکت پر تاحال شکوک کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔
فیفا صدر کی کوششوں کے بعد ایرانی فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کے فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لیے 10 شرائط عائد کر دی ہیں اور ان کی میزبان ممالک کے لیے ان شرائط کی منظوری کو لازمی قرار دیا ہے۔
ایرانی فیڈریشن نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر کہا "ہم ورلڈ کپ 2026 میں ضرور شرکت کریں گے، لیکن میزبان ممالک کو ہمارے خدشات کو مدِ نظر رکھنا ہو گا۔ ہم ورلڈ کپ میں شریک ہوں گے، لیکن اپنے عقائد، ثقافت اور نظریات پر کسی قسم کا سمجھوتا کیے بغیر”۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ایرانی فٹ بال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے بتایا ہے کہ تہران نے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے دس شرائط رکھی ہیں اور ایرانی وفد کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کے حوالے سے ضمانتیں طلب کی ہیں۔
ان شرائط میں ٹورنامنٹ کے دوران ویزوں کا اجرا، قومی ٹیم کے عملے، پرچم اور قومی ترانے کا احترام، اس کے علاوہ ہوائی اڈوں، ہوٹلوں اور اسٹیڈیم تک جانے والے راستوں پر سخت سیکیورٹی انتظامات کی فراہمی شامل ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایرانی فٹ بال کھلاڑیوں کا ٹورنامنٹ میں خیر مقدم کیا جائے گا، تاہم اس کے ساتھ انہوں نے متنبہ کیا کہ امریکہ ایرانی وفد کے ان ارکان کے داخلے پر پابندی لگا سکتا ہے جن کا تعلق پاسدارانِ انقلاب سے ہو۔
واضح رہے کہ یہ مطالبہ گزشتہ ماہ کینیڈا کی جانب سے فیڈریشن کے صدر مہدی تاج کو فیفا کانفرنس میں شرکت کے لیے ملک میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کے بعد سامنے آیا ہے۔
ایرانی ٹیم، جو ورلڈ کپ کے گروپ جی میں ہے۔ وہ ٹورنامنٹ کے دوران امریکی ریاست ایریزونا کے شہر توسان میں قیام کرے گی۔ گروپ جی میں ایران کے علاوہ نیوزی لینڈ، بیلجیئم اور مصر کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/tJTXIrV
No comments:
Post a Comment