کوئٹہ (4 اکتوبر 2026): بلوچستان حکومت نے صوبے کے با صلاحیت نوجوانوں کو بیرون ملک پی ایچ ڈی اسکالر شپ دینے کا اعلان کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بلوچستان کی حکومت نے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت بیرونِ ملک پی ایچ ڈی اسکالر شپس کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر سال 10 با صلاحیت امیدواروں کو ممتاز جامعات میں اسکالر شپس دی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پی ایچ ڈی اسکالر شپ پروگرام کے اجرا پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایچ ڈی اسکالر شپ پروگرام صوبے کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو دنیا کی بہترین جامعات تک پہنچانے کا سفر شروع ہو چکا، یہ سفر بلوچستان کے مستقبل کو بدلنے کا سفر ہے۔ دنیا کی بہترین جامعات بلوچستان کے نوجوانوں کا مقدر بنیں گی اور صوبے کا نوجوان مواقع کی تلاش میں دنیا سے پیچھے نہیں رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایچ ڈی اسکالر شپس آنے والی نسلوں کے لیے امید، علم اور ترقی کے نئے دروازے ہیں۔ دہشت گردی کا مقابلہ علم و شعور اور ترقی کے مواقع فراہم کر کے کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بلوچستان کا مستقبل بندوق تھام کر پہاڑوں میں چھپنے والے نہیں بلکہ کتاب تھام کرعلم و تحقیق کے میدان میں نام کمانے والے نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔ ہمارا مقصد نوجوانوں کو علم اور تحقیق کے عالمی نقشے پر نمایاں مقام دلانا ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/xW1kNn9
No comments:
Post a Comment