وائٹ واش سے بچنے کا عزم، انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کے 12 ممکنہ کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے، 3 ڈیبیو کریں گے - Pakistan Best Urdu News Blog

Breaking

BANNER 728X90

Wednesday, 9 September 2026

وائٹ واش سے بچنے کا عزم، انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کے 12 ممکنہ کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے، 3 ڈیبیو کریں گے

برمنگھم(9 ستمبر 2026): قومی ٹیم وائٹ واش بچانے کا مشن لیے انگلینڈ کیخلاف تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ آج سے ایجبسٹن میں کھیلے گی۔

برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں آج سے شروع ہونے والے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان کے بارہ ممکنہ کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے، تین میچوں کی اس سیریز میں میزبان انگلینڈ کو دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

بابر اعظم کی قیادت میں کھیلنے والی قومی ٹیم میں تین ایسے کھلاڑی شامل ہیں جو اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری کی قومی ٹیم میں شمولیت یقینی قرار دی گئی ہے۔

خانیوال سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ آل راؤنڈر محمد عمران رندھاوا بھی ٹیسٹ ڈیبیو کے مضبوط امیدوار ہیں۔ انہوں نے اب تک 58 فرسٹ کلاس میچوں میں دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے ہوئے دو سینچریوں کی مدد سے بائیس سو پچپن رنز بنائے ہیں جبکہ میڈیم فاسٹ بولنگ کرتے ہوئے ایک سو دس وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اگر پاکستانی ٹیم چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتری تو مردان کے اکیس سالہ فاسٹ بولر رضا اللہ اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلیں گے۔ دائیں ہاتھ کے اس فاسٹ بولر نے دو ہزار پچیس میں پشاور کی طرف سے فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا تھا اور آٹھ فرسٹ کلاس میچوں میں تیس کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹیم مینجمنٹ کی حکمت عملی کے تحت اگر ایک اسپنر کو کھلانے کا فیصلہ کیا گیا تو ملتان کے اکیس سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر عرفات منہاس کو ترجیح دی جائے گی، جو اس سے قبل پاکستان کے لیے تین ایک روزہ اور چار ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔

ایجبسٹن ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے بارہ ممکنہ کھلاڑیوں میں صائم ایوب، اذان اویس، عبداللہ شفیق، بابر اعظم (کپتان)، شان مسعود، سعود شکیل، غازی غوری (وکٹ کیپر)، محمد عباس، محمد علی، محمد عمران رندھاوا، عرفات منہاس اور رضا اللہ شامل ہیں۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/QkDxs0N

No comments:

Post a Comment