اسلام آباد(25 اگست 2026): حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی کے دوران مجموعی طور پر 215 ارب روپے (763 ملین ڈالر) کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے ہیں۔
وزارتِ اقتصادی امور کی دستاویزات کے مطابق گزشتہ ماہ 210 ارب روپے قرضے کی مد میں جبکہ 5 ارب روپے گرانٹس کی صورت میں موصول ہوئے، اور حاصل ہونے والے یہ غیر ملکی قرضے گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 68.5 ملین ڈالر زیادہ ہیں۔
دستاویز کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں بجٹری سپورٹ اور شارٹ ٹرم قرضوں کی مد میں 120 ارب روپے حاصل ہوئے جبکہ پراجیکٹ فنڈنگ کی مد میں تقریباً 95 ارب روپے موصول ہوئے۔ تاہم اس دوران دوطرفہ اور کثیرالجہتی قرضوں کی مجموعی وصولی میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے حاصل ہونے والی رقوم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ان سرٹیفکیٹس کے ذریعے 343.99 ملین ڈالر حاصل ہوئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے جولائی میں یہ رقم 196.22 ملین ڈالر تھی، یوں اس مد میں ایک سال کے دوران 148 ملین ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
دوطرفہ مالی معاونت کے حوالے سے دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ جرمنی نے 9.94 ملین ڈالر اور سعودی عرب نے جولائی کے دوران 74 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔
دوسری جانب کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے مجموعی طور پر 252.83 ملین ڈالر موصول ہوئے، جن میں عالمی بینک اور متعلقہ اداروں نے سب سے زیادہ 130 ملین ڈالر کے فنڈز فراہم دیے۔
اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے 59.17 ملین ڈالر، ایشیائی انفرااسٹرکچر بینک نے 6.57 ملین ڈالر، انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن نے 29.22 ملین ڈالر، اسلامی ترقیاتی بینک نے 1.75 ملین ڈالر، بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی (آئی ایف اے ڈی) نے 2 ملین ڈالر اور اوپیک فنڈ نے 0.76 ملین ڈالر فراہم کیے، جبکہ قلیل مدتی فنانسنگ کی مد میں مزید 22.71 ملین ڈالر بھی حاصل کیے گئے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/msXM4SF
No comments:
Post a Comment