کیلیفورنیا (14 جون 2026): روبک کیوب کے ایک شوقین نوجوان نے اپنی زندگی کی پہلی اسکائی ڈائیونگ کے دوران فضا میں دو روبک کیوب حل کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
10 سال کی عمر سے پزل کیوب حل کرنے والے 24 سالہ ایشان ہڈکر نے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر اوشن سائیڈ کے اوپر پہلی بار اسکائی ڈائیونگ کی، لیکن ہڈکر کی پہلی کوشش، جو طیارے سے ان کی زندگی کی پہلی چھلانگ بھی تھی، وقت سے پہلے ہی ختم ہو گئی۔
ایشان ہڈکر ایک ہی اسکائی ڈائیو کے دوران سب سے زیادہ گھومنے والے پزل کیوب حل کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ انھوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا ’’مجھے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ کیا توقع کرنی چاہیے یا یہ تجربہ کیسا ہوگا۔ اپنی پہلی ریکارڈ کوشش کے دوران، جو میری پہلی اسکائی ڈائیو بھی تھی، ہوا ہی میں میرے ایک کیوب کا ایک حصہ ٹوٹ گیا۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ’’لیکن میں ہار ماننا نہیں چاہتا تھا، اس لیے میں فوراً اگلے طیارے میں سوار ہوا اور اگلے ہی منٹ دوبارہ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی۔‘‘
ہڈکر نے اپنی دوسری کوشش میں 13 ہزار فٹ کی بلندی سے زمین پر اترنے سے پہلے دو کیوب کامیابی سے حل کر لیے اور یوں ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ انھوں نے کہا ’’یہ یقیناً مشکل تھا، خاص طور پر اس لیے کہ مجھے اسکائی ڈائیونگ کا کوئی سابقہ تجربہ نہیں تھا۔ اس دن موسم ہوا دار اور ابر آلود تھا، اور اس کے علاوہ فری فال کے دوران تقریباً 120 میل فی گھنٹہ کی رفتار کا سامنا بھی تھا۔‘‘
ایشان نے کہا ’’میں نے وہی طریقۂ کار استعمال کیا جو زمین پر کیوب حل کرتے وقت کرتا ہوں، لیکن ہوا کے شدید دباؤ کی وجہ سے مجھے کیوب کو معمول سے کہیں زیادہ مضبوطی سے پکڑنا پڑا۔‘‘
ایشان کے مطابق انھوں نے پہلا کیوب فری فال کے دوران اور دوسرا پیراشوٹ کھلنے کے بعد حل کیا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/gm4olTM
No comments:
Post a Comment