کراچی : بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بجلی کے بلوں کے ذریعے میونسپل ٹیکس کی مد میں 4 ارب روپے وصول کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) نے رواں سال بجلی کے بلوں کے ذریعے میونسپل ٹیکس کی مد میں 4 ارب روپے کی خطیر رقم حاصل کر لی ہے، جبکہ نئے مالی سال کا 60 ارب روپے کا متوقع بجٹ منظوری کے لیے 18 جون کو سٹی کونسل میں پیش کیا جائے گا۔
کے ایم سی کے فنانشل ایڈوائزر گلزار علی نے بتایا کہ کراچی کے شہریوں سے بجلی کے بلوں کے ساتھ شامل کر کے وصول کیے جانے والے میونسپل ٹیکس کی مد میں رواں سال اب تک 4 ارب روپے جمع کیے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ کے ایم سی نے اس ٹیکس کی وصولی کے لیے 6 ارب روپے کا ہدف (ٹارگٹ) مقرر کیا تھا، جس کا ایک بڑا حصہ کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے۔
فنانشل ایڈوائزر نے آنے والے بجٹ کے حوالے سے اہم تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے کے ایم سی کا مجموعی بجٹ 60 ارب روپے کے لگ بھگ ہوگا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب یہ بجٹ 18 جون کو سٹی کونسل کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کریں گے۔
نئے بجٹ میں شہر کی ترقی اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، حکومتِ سندھ سے ملنے والے فنڈز اور کے ایم سی کی اپنی ذاتی آمدن کو ملا کر مجموعی طور پر 37 ارب روپے صرف ترقیاتی منصوبوں (ڈیولپمنٹ) پر خرچ کیے جائیں گے۔
کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ میونسپل ٹیکس کی بہتر وصولی اور صوبائی حکومت کے تعاون سے کراچی میں بلدیاتی اور ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/72jAh0w
No comments:
Post a Comment