’’ابو میری غلطیاں معاف، بچوں کا خیال رکھیے گا‘‘ صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانی نوجوان کا درد میں ڈوبا آڈیو پیغام - Pakistan Best Urdu News Blog

Breaking

BANNER 728X90

Friday, 1 May 2026

’’ابو میری غلطیاں معاف، بچوں کا خیال رکھیے گا‘‘ صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانی نوجوان کا درد میں ڈوبا آڈیو پیغام

کراچی (یکم مئی 2026): صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانی نوجوان کی والد کے نام درد میں ڈوبے پیغام کی آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

صومالیہ کے قریب آئل ٹینکر پر قبضے کے بعد صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال 11 پاکستانیوں کو اغوا ہوئے 10 دن ہو چکے ہیں اور پاکستان میں ان کے اہل خانہ شدید کرب کا شکار ہیں۔

اس بحری جہاز میں کراچی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں، جن میں ایک امین بن شمس بھی ہے، جس کی انتہائی درد میں ڈوبی سسکتی آواز پر مبنی آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

اس آڈیو پیغام میں امین اپنے والد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ابو ہم لوگوں کو بحری قزاقوں نے پکڑ لیا ہے، یہ میرا آخری وائس میسج ہے، کیا پتا اب میں آپ سے بات نہ کر پاؤں کیونکہ یہ ہمیں مارنے کے لیے لے کر جارہے ہیں۔‘‘

اپنے پیاروں سے ہمیشہ کے لیے بچھڑنے کے اندیشے میں مبتلا نوجوان کرب ناک آواز میں مزید کہتا ہے کہ ’’مجھ سے جو بھی غلطی ہوئی ہو مجھے معاف کردیے گا، عائشہ (اہلیہ) اور بچوں کا خیال رکھیے گا، آپ دل مضبوط کرلیے گا، خدا حافظ۔‘‘

دوسری جانب امین کے والد کا کہنا ہے کہ ہمارا ایک ہی بیٹا ہے جس کو روزگار کے لیے بھیجا تھا۔ حکومتِ پاکستان سے اپیل ہے کہ کسی طرح ہمارے بچے کو صحیح سلامت واپس لا دیں۔

امین بن شمس کے والد نے نجی نیوز چینل سے گفتگو میں کہا کہ’ہمارا ایک ہی بچہ ہے اور روزگار کے لیے ہم نے اسے بھیجا تھا، وہ ہمارا اکلوتا بیٹا ہے، پہلی بار گیا ہے اور اس کے ساتھ یہ ہوگیا، ‘۔

مغوی کی اہلیہ عائشہ نے کہا ‘ میرے شوہر نے یہی بتایا کہ ہوائی فائرنگ کرکے ہمیں ڈرایا جا رہا ہے اور ہمیں مارنے کے لیے لے جایا جا رہا ہے، جس بچے سے میں ابھی تک ملا نہیں، مجھے نہیں لگتا اب اس سے کبھی مل پاؤں گا’۔

شپنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ اونر 25 نامی جہاز پر بحری قزاقوں نے 21 اپریل کو حملہ کیا اور اسے قبضے میں لے لیا، جہاز پر 11 پاکستانی عملہ بھی موجود ہیں۔

دوسری جانب صومالیہ کی حکومت نے پاکستان کو پاکستانی مغویوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے ہر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/AhadGuc

No comments:

Post a Comment