پاکستان ٹیلی ویژن کے سنہری دور میں جن اداکاروں کو شہرت اور مقبولیت حاصل ہوئی، ان میں محبوب عالم بھی شامل ہیں۔ چہرے کے تاثرات اور مکالموں کی ادائیگی کے فن سے اپنے کردار میں کشش پیدا کر دینے والے محبوب عالم نے ٹی وی ڈراموں میں یادگار پرفارمنس دی۔ ریڈیو اور فلم میں بھی کام کیا۔ آج محبوب عالم کی برسی ہے۔ وہ 18 مارچ 1994ء کو انتقال کر گئے تھے۔
پی ٹی وی کے معروف اداکار محبوب عالم کا تعلق سندھ کے علاقہ ٹنڈوغلام علی، ماتلی ضلع حیدرآباد سے تھا۔ 1948ء میں پیدا ہونے والے محبوب عالم نے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد تاریخ کا مضمون منتخب کیا اور اس میں ماسٹرز کیا۔ بطور اداکار ان کا سفر سندھی فلم سورٹھ سے شروع ہوا۔ ملک میں ٹیلی ویژن نشریات کا آغاز ہوا تو محبوب عالم نے بھی قسمت آزمائی اور کام یاب ہوئے۔ انھوں نے پی ٹی وی کے ڈراموں میں چھوٹے بڑے ہر قسم کے کردار ادا کیے، مگر وارث وہ سیریل تھا جس نے انھیں ملک گیر شہرت دی۔ اس ڈرامہ سیریل نے مقبولیت کا ریکارڈ بنایا اور محبوب عالم کو گھر گھر میں پہچانا جانے لگا۔ یہ ڈراما 1979ء میں پی ٹی وی سے نشر ہوا تھا۔ اس سیریل میں محبوب عالم نے چوہدری حشمت کا کردار اس خوبی اور عمدگی سے نبھایا کہ سبھی نے ان کے کمالِ فن کا اعتراف کیا۔
وارث کے بعد محبوب عالم نے دہلیز، سمندر، وقت، لازوال اور پیاس جیسے مقبول ڈراموں میں کردار ادا کیے۔ یہ وہ ٹی وی ڈرامے ہیں جنھیں آج بھی انھیں انٹرنیٹ پر لوگ بڑے شوق سے دیکھتے ہیں۔ اداکار محبوب عالم نے اردو، سندھی، سرائیکی، پنجابی اور پشتو زبانوں میں بننے والی فلموں میں بھی کام کیا، لیکن بطور اداکار ان کی وجہِ شہرت پی ٹی وی ڈرامے ہی ہیں۔
محبوب عالم کا انتقال کراچی میں ہوا۔ انھیں ضلع حیدرآباد میں ان کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/54KDsAp
No comments:
Post a Comment