لاہور : بھارت سے آنے والی آلودہ ہواؤں سے لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہر فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہے، طبی ماہرین کی شہریوں کو اسموگ سے بچنےکیلئے ماسک کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی سرحدی علاقوں سے آنے والی آلودہ مشرقی ہواؤں نے لاہور کے فضائی معیار پر منفی اثر ڈالا ہے۔
شہر میں اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 320 سے 360 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا اور لاہور دنیا کے آلودہ شہروں میں سرفہرست ہے جبکہ بعض علاقوں میں یہ سطح 382 تک جا پہنچی۔
محکمہ ماحولیات نے بتایا سرد صبح، کم ہوا کی رفتار (1 تا 4 کلومیٹر فی گھنٹہ) اور بارش نہ ہونے کے باعث آلودگی کے بکھراؤ میں کمی ہوئی ہے، دن ایک سے پانچ بجے کے دوران ہواؤں کی معمولی تیزی سے فضائی معیار میں بہتری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر انسدادِ اسموگ مہم کو تیز کردیا ہے۔ تمام محکمے تین شفٹوں میں متحرک ہیں، جن میں ٹریفک کنٹرول، پانی کا چھڑکاؤ اور انڈسٹری چیکنگ شامل ہیں۔
محکمہ ماحولیات کے جدید اسٹیشن PM 2.5 اور PM 10 کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور ماسک کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ملک کے دیگر شہر بھی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں ، گوجرانوالہ کا اے کیو آئی 457، فیصل آباد کا 330 اور ملتان کا 282 ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ ماحولیات نے کہا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے اور شہریوں کو کسی قسم کی گھبراہٹ کی ضرورت نہیں، تاہم احتیاطی تدابیر پر عمل لازمی ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/V8tXdCu
No comments:
Post a Comment